بنگلورو،19؍جون (ایس او نیوز) وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے آج کہا کہ ریاست میں 21جون کے بعد لاک ڈاؤن پابندیوں میں مزید ڈھیل دینے سے متعلق فیصلہ کل بروز ہفتہ کیا جائے گا۔
ایڈی یورپا نے یہاں نامہ نگاروں کوبتایاکہ ریاست میں کووڈ کی صورتحال سدھررہی ہے۔مستقبل میں تیسری لہر سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔اس کے باوجود لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی دی جائے گی۔اس سلسلہ میں کل شام منعقد ہونے والی میٹنگ میں ہم تبادلہ خیال کریں گے اور اس پر کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جن گیارہ اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ ہے ان اضلاع میں حکومت نرمی دئے جانے کاا علان کرسکتی ہے۔بقیہ 19اضلاع میں 21جون کے بعد لوگوں کی نقل و حرکت اور اپنی تجارتیں کھولنے کا حکومت اعلان کرسکتی ہے۔پچھلے ہفتہ حکومت نے گیارہ اضلاع میں لاک ڈاؤن کو جاری رکھ کر کچھ نرمی کا اعلان کیا تھا۔ ان 11اضلاع میں ضروریات زندگی خریدنے کے لئے صبح 6بجے تا 10بجے کاو قفہ دیا گیا تھا۔ جبکہ دیگر 19اضلاع میں یہ وقفہ صبح 6بجے تا دوپہر 2بجے دیاگیا تھااور عوام کی چہل پہل کے لئے شام 7بجے تک کی مہلت دی گئی تھی۔